17 اکتوبر ، 2021
اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کردیا۔
اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ملک میں آئے روز مہنگائی کے بم گرائے جارہےہیں، غریب خودکشی پر مجبور ہوگیا ہے، اس صورتحال میں پی ڈی ایم ایک مؤثراقدام کررہی ہے۔
انہوں نے مہنگائی کے خلاف تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں بھرپور تحریک شروع کی جائے گی اور ہم فوری طور پر اگلے دوہفتوں کیلئےمظاہروں کااعلان کررہےہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ 12ربیع الاول کی تقریبات کے بعد ہر ضلعی ہیڈکوارٹر میں مظاہرے ہوں گے لہٰذا قوم سے اپیل ہے کہ ان مظاہروں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں۔
سربراہ اتحاد کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم عوام کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہونے کیلئے تیار ہے، مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے عام آدمی کو نکلنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ کل پی ڈی ایم کاسربراہ اجلاس ہے جس میں اہم فیصلےہوں گے۔
حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ 3 سال پہلے قرضوں کا حجم 25 ہزار ارب تھا اب 45 ہزار ارب پرپہنچ گیا، تین سال پہلے جی ڈی پی گروتھ 5 فیصد تھی اب منفی میں ہے، حکومت آئی ایم ایف کے مفادات کا تحفظ کررہی ہے لیکن ہم نے عوام کے مفادات میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ چارماہ میں حکومت 8 بارپیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی، یہ ایک کرپٹ ترین حکومت ہے، یہ حکومت مکمل ناکام ہوچکی، یہ حکومت عوام کی نہیں، آئی ایم ایف کی لگتی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تھا۔
ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا۔