کھیل
Time 18 اکتوبر ، 2021

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ : پاکستانی ایتھلیٹس کا قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ایکشن شروع ہوچکا ہے، ٹیمیں 14 نومبر کو ٹرافی اٹھانے کا عزم لیے میدان میں اتر چکی ہیں۔

 پاکستان کرکٹ ٹیم بھی 2009 کی تاریخ ایک بار پھر دہرانے کو متحدہ عرب امارات پہنچ چکی ہے ، وہ24 اکتوبر کو بھارت کیخلاف میچ کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

ایک جانب تو کرکٹ کے میدانوں میں جگمگانے والے کھلاڑی ورلڈکپ میں پاکستان کا پرچم سربلند کرنے کیلئے پراُمید ہیں تو دوسری جانب دیگر اسپورٹس میں پاکستان کیلئے پسینہ بہانے والے ایتھلیٹس بھی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی جیت کیلئےدعا گو  ہیں۔ 

ہاکی ، ٹینس، کراٹے، ویٹ لفٹنگ، بیڈمنٹن، ایتھلیٹکس اور دیگر اسپورٹس میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ایتھلیٹس نے پاکستان ٹیم کیلئے ورلڈ کپ مشن میں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

کراٹیکا  کلثوم ہزارہ

پاکستان کی چیمپئن کراٹیکا کلثوم ہزارہ کہتی ہیں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے پر جوش ہیں اور  پورا  ایونٹ دیکھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ جس طرح 2009 میں پاکستان نے ورلڈ کپ جیتا تھا، اس بار بھی اس طرح ہی ورلڈ کپ جیتے، حال ہی میں نیوزی لینڈ نے جو کھیلنے سے انکار کیا تھا اس کی وجہ سے ہر کسی کو مایوسی ہوئی تھی۔

کلثوم ہزارہ  نے کہا کہ  اُمید ہے پاکستان  ٹیم جیت کر نہ صرف فینز کو مسکراہٹیں دے گی بلکہ دنیا بھر کو ایک مثبت پیغام بھی دے گی۔ 

کلثوم نے بتایا کہ بابر اعظم اور شعیب ملک ان کے فیورٹ پلیئر ہیں، اُمید ہے یہ دونوں اچھا پرفارم کریں اور ٹیم ورلڈ کپ جیت کر آئے ۔

کراٹیکا  سعدی عباس

کراٹے میں ہی پاکستان کیلئے متعدد میڈلز جیتنے والے سعدی عباس کا کہنا ہے کہ پوری قوم کی طرح وہ بھی پاکستان ٹیم کی جیت کیلئے دعا گو ہیں ۔

انہوں نے خاص طور پر بابر اعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیاکہ بابر بھرپور انداز میں ٹیم کو لیڈ کریں اور اچھی سے اچھی کرکٹ کھیل کر قوم کو ورلڈ کپ کا تحفہ دیں۔

خاتون ہاکی پلیئر افشاں نورین

پاکستان کی خاتون ہاکی پلیئر افشاں نورین نے بھی پاکستان ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

افشاں نورین کا کہنا تھا کہ محمد رضوان ان کے فیورٹ پلیئر ہیں لیکن وہ پوری ٹیم کی ہی سپورٹ کررہی ہیں اور دعا گو ہیں کہ ٹیم کا ہر پلیئر اچھے سے اچھا پرفارم کرے اور ورلڈ کپ پاکستان ہی جیتے۔

ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ

اس کے علاوہ پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ کہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں بہت صلاحیتیں ہیں اور یہ ٹیم ورلڈ کپ میں کافی اچھا پرفارم کرکے ٹرافی لاسکتی ہے۔

 عمران بٹ نے کہا کہ محمد حفیظ ان کے فیورٹ پلیئر ہیں ان کی خواہش ہے کہ بطور سینیئر پلیئر محمد حفیظ اس ایونٹ میں اچھا پرفارم کریں ۔

لندن اولمپکس میں پاکستانی دستے میں شامل ہونیوالے ہاکی پلیئر نے کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان بھی شاندار پلیئرز ہیں ،انہیں ان تمام  کھلاڑیوں سے بہت امیدیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اُمید ہے اس بار بھارت کیخلاف بھی پاکستان اچھا کھیل کر فتح یاب ہوگا۔

ٹینس اسٹار  اعصام الحق

ٹینس اسٹار اعصام الحق نے پاکستان ٹیم کو گڈ لک کہتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں کہ تمام کھلاڑی ورلڈ کپ میں اپنا بہترین سے بہترین کھیل پیش کریں گے۔

 اعصام نے کہا کہ وہ ایک پلیئر کو فیورٹ نہیں کہیں گے بلکہ پوری ٹیم کو ہی سپورٹ کریں گے کیونکہ کرکٹ ٹیم اسپورٹس ہے اس میں انفرادی کارکردگی سے زیادہ ٹیم کی کارکردگی اہم ہوتی ہے  ۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بطور ٹیم پاکستان اس ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کرے گا۔

 باکسر محمد وسیم 

اس کے علاوہ پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے بھی پاکستان ٹیم کو گڈ لک کہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اس بار پاکستان ٹیم ہی ورلڈ کپ جیتے گی۔

 اُن کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں پلیئرز سے دوستیاں ہیں ،فیورٹ تو فخر زمان ہے لیکن آل دا بیسٹ سب پلیئرز کو ہی کہوں گا۔

جویلین تھرور فاطمہ حسین

پاکستان کی نمبر ون خاتون جویلین تھرور فاطمہ حسین نے کہا کہ وہ بھی پوری قوم کی طرح کرکٹ کی مداح ہیں اور ان کی بھی یہی خواہش ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کرے اور ٹیم ورلڈ کپ گھر لے کر آئے ۔

فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی اور کہیں بھی کھیل رہا ہوان کی دعا ہوتی ہے کہ ٹیم اور پلیئرز اچھا پرفارم کرے اور اس ملک کا سبرہلالی پرچم سربلند ہو ا ور ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کی فتح یابی کیلئے دعا ہے۔

ٹینس پلیئر اشنا سہیل 

ٹینس پلیئر اشنا سہیل نے بھی پاک ٹیم کی جیت کیلئے نیک خوہشات کا اظہار کیا ہے۔

ویمن فٹبالرفاطمہ انصاری

پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی پلیئر فاطمہ انصاری کہتی ہیں کہ انہیں اُمید ہے کہ ٹیم اچھا پرفارم کرکے پاکستان کا نام روشن اور ٹرافی لے کر گھر آئے گی۔ 

قومی ویمن فٹبالر نے کہا کہ کرکٹ ٹیم اسپورٹس ہے ، اُمید ہے کہ ہر کھلاڑی اپنا حصہ ڈالے اور ٹیم کی جیت یقینی ہو۔

 ویٹ لفٹر طلحہ طالب

ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھا کر سب کی توجہ کا مرکز بن جانیوالے ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے کہا ہے کہ ان کی پوری قوم سے درخواست ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی جیت کیلئے دعا گو ہوں تاکہ پاکستان ٹیم میگا ایونٹ میں سرخرو ہو۔

بیڈمنٹن اسٹار پلواشہ بشیر 

بیڈمنٹن اسٹار پلواشہ بشیر نے بھی میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کرکے اس ٹورنامنٹ میں سرخرو ہوگی۔ 

پلواشہ بشیر نےکہا کہ اس ٹیم میں ہر کھلاڑی پاکستان کا ایک اثاثہ ہے اور ہر کسی کا اپنا کردار ہے، اُمید ہے ہر کوئی اپنا کردار بخوبی ادا کرے گا اور پاکستان ورلڈ کپ جیت کر وطن لوٹے۔

مزید خبریں :