18 اکتوبر ، 2021
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے مہنگائی پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی میں اضافہ ملکی نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھاکہ عالمی سطح پراشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، دنیا بھر میں ہی اشیائےخورونوش اور انرجی کے ذرائع بے پناہ مہنگےہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ گزشتہ سال دنیا نے کورونا کی صورت میں غیر معمولی آفت کا سامنا کیا، بھارت کی معیشت بیٹھ گئی جبکہ امریکا کی معیشت میں 10 فیصد کمی آگئی۔
ان کا کہنا تھاکہ آٹے کی قیمت اس لیے بڑھی کہ گندم کی قیمت بڑھی، گیس کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے عوام پر بجلی بم گرادیا ہے اور اس کے ساتھ ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی 12 روپے 44 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کیا ہے۔
اُدھر اپوزیشن جماعتوں نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا ہے۔