Time 21 اکتوبر ، 2021
کھیل

ورلڈ کپ: پاکستانی کھلاڑی ورلڈ کپ کا فاتحانہ آغاز کرنا چاہتے ہیں، میتھیو ہیڈن

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرنے والی پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی ورلڈ کپ کا پہلا میچ جیت کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنا چاہتے ہیں۔

 میتھیو ہیڈن  نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت میچ میں کھلاڑیوں پر پریشر ضرور ہوتا ہے لیکن ایسے ہی میچ میں پرفارم کرکے آپ اپنا نام تاریخ میں لکھوا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا اپنا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کو منتقل کرنا اعزاز ہے جبکہ  پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنے پر بے حد خوشی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم متحد ہے اور تمام کھلاڑی محنت کر رہے ہیں۔ 

قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ نے کہا کہ سب جانتے ہیں بھارت ٹی ٹوئنٹی کی مضبوط ٹیم ہےلیکن  پاک بھارت بڑے میچ پر دونوں ٹیموں پر پریشر ہو گا۔

میتھیو ہیڈن نے مزید کہا کہ بھارتی وکٹ کیپر رشبھ پنٹ مڈل آرڈر میں خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں جبکہ ہمارے پاس بھی بابر اور رضوان کی صورت میں بہترین اوپنگ بلے باز موجود ہیں اس لیے کوشش کریں گے پاور پلے کا اچھا استعمال کیا جائے۔ 

انہوں نےکہا کہ  یو اے ای کی وکٹوں پر 170 رنز اچھا ٹوٹل ہو سکتا ہے اس لیے  شاہین شاہ آفریدی پر بولنگ کی اہم ذمہ داری ہے۔ 

بیٹنگ کنسلٹنٹ  میتھیو ہیڈن کا کہنا تھا کہ بابر اعظم بہترین بلے باز ہونے کے ساتھ سمجھدار کپتان  بھی ہیں اس کے علاوہ رضوان اور شاہین کا ٹیم میں کلیدی کردار ہو گا۔

واضح رہے کہ آئی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے جبکہ  پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے ساتھ 24 اکتوبر کو کھیلے گا۔ 

مزید خبریں :