پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2021

فیٹف کا پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار رکھنےکا فیصلہ

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے پاکستان کو اگلے سیشن تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیرس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا 3 روزہ اجلاس ختم ہوگیا، فیٹف اجلاس میں حکومتِ پاکستان کی27 ویں شرط پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی سزاؤں سےمتعلق پاکستان کی کارکردگی کو بھی جانچا گیا۔

فیٹف کے مطابق پاکستان نے منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے خاطر خواہ پیش رفت کی ہے، اس حوالے سے پاکستان نے 6 میں سے 4 شرائط کو پورا کر لیا ہے۔ مجموعی طور پر حکومتِ پاکستان نے 27 میں سے 26 شرائط پوری کر رکھی ہیں۔

 فیٹف نے پاکستان کی جانب سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق اب تک کے اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد پاکستان کو آئندہ  سال فروری تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 فیٹف کا کہنا ہےکہ  بھرپور تعاون پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ پیرس میں ہونے والے اجلاس کی صدارت جرمنی نے کی، عالمی نیٹ ورک اور مبصر تنظیموں کے 205 ارکان کے وفود نے ایف اے ٹی ایف پلینری کے ہائبرڈ اجلاس میں حصہ لیا۔

اجلاس میں جرائم اور دہشت گردی کی مالیاتی معاونت کے خلاف عالمی کارروائی کو مضبوط بنانے کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید خبریں :