پاکستان
Time 22 اکتوبر ، 2021

لاہور: کالعدم تنظیم کی ریلی میں شامل گاڑیوں کی ٹکر سے 3 پولیس اہلکار شہید

لاہور میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی ریلی میں شامل گاڑیوں کی ٹکر سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق لاہور میں ضلع کچہری کے قریب کالعدم تنظیم کی ریلی کی گاڑیوں کی ٹکر سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم جانبر نہ ہوسکے۔

ترجمان نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکاروں میں ایوب اور خالد شامل ہیں اور دونوں اہلکار تھانا گوالمنڈی میں تعینات تھے جبکہ ایک شہید پولیس اہلکار کی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔

تاہم وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں 3 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب ایم اے او کالج کے قریب پولیس اور کالعدم تنظیم کے کارکنوں میں تصادم ہوا اور کالعدم تنظیم کے کارکنوں کے پتھراؤ سے ایس ایچ او سمیت 10 اہلکار زخمی ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق ایس ایچ او اور زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے لاہور سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع کردیا گیا ہے۔

لاہور شہر کے داخلی و خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے ہیں، مختلف مقامات پر واٹر کینن، ٹیئر گیس، اسپرے، ربڑ بلٹس نفری کے پاس موجود ہے۔

ملتان روڈ پر سمن آباد موڑ کے قریب، گرڈ اسٹیشن اسٹاپ، علامہ اقبال ٹاؤن مین بلیوارڈ پر دبئی چوک میں بھی کنٹینر لگادیے گئے۔

اہم سڑکیں بند ہونے سے شہریوں اور مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سروس معطل ہے۔ ملتان روڈ گرینڈ بیٹری اسٹاپ کے اطراف، اقبال ٹاؤن، نواں کوٹ، سمن آباد اور سبزہ زار میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھرنے کے شرکا کو شہر سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔

مزید خبریں :