23 اکتوبر ، 2021
اسلام آباد: حکومت نے کالعدم جماعت کے احتجاجی مارچ کی صورتحال میں وفاقی دارالحکومت کو ہر صورت محفوظ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کیلئے وزارت داخلہ نے ہنگامی اقدامات کیے ہیں جس کے تحت اسلام آباد کو احتجاجیوں سےمحفوظ رکھنے کے لیے دیگر صوبوں سے بھاری نفری طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزارت داخلہ نے پنجاب، آزاد کشمیر اور کے پی سے پولیس کے 30 ہزارجوان مانگے ہیں جب کہ نفری کے ساتھ دنگا فساد سے نمٹنے کا سامان بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے نفری اسلام آباد پہنچانے کے لیے تینوں سیکریٹرز کو مراسلے بھجوادیے۔
واضح رہےکہ لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کالعدم جماعت کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے جس کے پیش نظر تینوں شہروں میں کئی راستے بند ہیں جب کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔