شوٹنگ کے دوران اداکارکی فائرنگ سے خاتون ڈائریکٹرکی ہلاکت کیس میں تحقیقات جاری

ہلاک ہونے والی خاتون ہیلینا ہچنس ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی تھیں— فوٹو: فائل
ہلاک ہونے والی خاتون ہیلینا ہچنس ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی تھیں— فوٹو: فائل

امریکا میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکار سے حقیقت میں چلنے والی گولی سے خاتون ڈائریکٹر کی ہلاکت کےکیس میں فلم انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جمع کرایا گیا بیان سامنے آگیا۔

خیال رہےکہ امریکی ریاست نیو میکسیکو میں ایک روز قبل فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکار ایلیک بالڈوِن سے حقیقت میں گولی چل گئی تھی۔

حادثاتی طور پر چلنے والی گولی کی زد میں آکر  موقع پر موجود  42 سالہ ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی ہیلینا ہچنس  ہلاک ہوگئیں جب کہ ڈائریکٹر زخمی ہوگئے۔

 فلم انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائےگئے بیان کے مطابق اداکار ایلیک بالڈوِن کو گن ایک ڈائریکٹر نے دی تھی اور انہیں بتایا گیا تھا کہ یہ گن محفوظ ہے جب کہ فلم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیو ہالز کو بھی نہیں معلوم تھا نقلی گن میں  بارود موجود ہے ۔

بیان کے مطابق جب ایلیک بالڈوِن نے فائرکیا توگولی ہیلینا ہچنس کے سینے پر لگی جب کہ فلم ڈائریکٹر کے کندھے پر گولی لگی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ واقعے سے قبل ہی فلم میں کام کرنے والے عملے کے بعض افراد کورونا پروٹوکول اور حفاظتی اقدامات کی عدم پابندی کے باعث کام چھوڑ گئے تھے۔

ایسے ہی افراد میں سے 3 نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس واقعے سے قبل ہی گن فائر کے ایسے 2 واقعات پیش آچکے تھے۔

پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور واقعے میں استمعال ہونے والے اسلحے کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، اس حوالے سے اداکار ایلیک بالڈوِن سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے تاہم اب تک کسی پر  اس کا الزام عائد نہیں کیا گیا۔

 اس واقعے نے میرا دل توڑ دیا ہے:  ایلیک بالڈوِن

ٹوئٹر پر ایک بیان میں ایلیک بالڈوِن کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے ان کا دل توڑ دیا ہے وہ آنجہانی  ہیلینا ہچنس کے بیٹے، شوہر اور وہ تمام افراد جو ان سے پیار کرتے تھے ، ان سب سے وہ معافی مانگتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ وہ  تحقیقات میں پولیس  سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شوٹنگ کے دوران فلموں میں استعمال ہونے والی گن ہی استعمال کی جارہی تھی۔

خیال رہے کہ شوٹنگ کے دوران استعمال ہونے والی بندوق سے ہلاکت شاذ و نادر ہی سننے میں آتی ہے۔ اس سے قبل 1993 میں معروف مارشل آرٹس ہیرو بروس لی کے بیٹے برینڈن لی کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔

برینڈن لی 1993 میں فلم ’The Crow‘ کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکار کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے تھے۔ ان کی عمر محض 28 برس تھی۔

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد برینڈن لی کے اہل خانہ نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ شوٹنگ کے دوران کسی کے بھی ساتھ ایسا واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے۔

خیال رہے کہ شوٹنگ کے لیے عام طور پر جو بندوقیں استعمال کی جاتی ہیں ان میں اصلی گولی کی جگہ ’Blanks‘ استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان میں خول اور بارود اصلی گولی جیسا ہی ہوتا ہے تاہم لوہے کا وہ بیرونی حصہ (Projectile) نہیں ہوتا جو اصلی گولی میں تیزی سے نکل کر نشانے کو چیر دیتا ہے۔

Blanks بھی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں کیوں کہ اس کو چلانے سے بھی چنگاری اور پریشر اصلی گولی جیسا ہی پیدا ہوتا ہے۔

مزید خبریں :