,
Time 23 اکتوبر ، 2021
پاکستان

کالعدم تنظیم کا جلوس لاہور سے نکل گیا، مظاہرین کو روکنے کیلئے خندق کھود دی گئی

لاہور سے اسلام آباد کی طرف بڑھنے والا کالعدم مذہبی تنظیم کا جلوس سادھوکی پہنچ گیا، مارچ روکنے کے لیے جی ٹی روڈ پر گوجرانوالا کے قریب خندق کھود دی گئی۔

جی ٹی روڈ بند ہونے سے گاڑیاں پھنس گئيں، مال بردار ٹرکوں کی لمبی قطاریں لگ گئيں۔

کالعدم تنظيم کے جلوس کے پیش نظر گوجرانوالا آنے اور جانے والے راستے بند کردیے گئےہیں ، جی ٹی روڈ پرکرین کی مدد سے گہرا اور لمبا گڑھا کھود دیا گيا ہے جبکہ دوسری طرف کنٹینر رکھ کر روڈ بند کیا گیا ہے ، گوجرانوالا آنے جانے کا زمینی رابطہ منقطع ہوگيا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر داخلہ شیخ رشید کی وطن واپسی

سعودی عرب کے دورے پر موجود وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو متحدہ عرب امارات سے فوری طور پر اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی جس کے بعد وہ لاہور پہنچ گئے۔

پنجاب کے سینیئر وزیر راجہ بشارت کے مطابق مظاہرین کی قیادت میں سے چار افراد سے رابطے ہوئے ہیں، مظاہرین کی قیادت سے تین روز میں چار مرتبہ مذاکرات ہو چکے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مذہبی امور نور الحق قادری لاہور پہنچے ہیں۔

شیخ رشید کو ہنگامی طور پر دبئی سے واپس بلایا گيا ہے ، وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اتوار کو ہونے والا پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے دبئی گئے ہوئے تھے۔

وفاقی وزير برائے مذہبی امور نورالحق قادری کہتے ہیں کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اسلام آباد کو مظاہرین سے ہر صورت محفوظ رکھنے کا فیصلہ

 وزیر داخلہ شیخ رشید کے لاہور پہنچنے کے بعد ایک اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کو مظاہرین سے ہر صورت محفوظ رکھا جائے گا اور انہیں دارالحکومت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر سے پولیس کے 30 ہزار جوانوں کو  دارالحکومت طلب کرلیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں سکستھ روڈ سے فیض آباد تک مری روڈ بند

 لاہور میں میٹرو اور اورنج لائن ٹرین چوتھے روز بھی بند رہی، میٹرو بس سروس کے روٹ کو محدود کردیا گیا۔

ادھر  راولپنڈی میں سکستھ روڈ سے فیض آباد تک مری روڈ بند ہے، مری روڈ پر جگہ جگہ کنٹینر کھڑے کردیے گئے ہیں اور پیدل چلنے والوں کے لیے بھی پل بند کردیا گیا ہے۔

ان علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں، سڑکیں بند ہونے سے طالب علموں کو اسکول جانے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ مریضوں کی اسپتال منتقلی بھی مشکل ہوگئی ہے۔

کالعدم تنظیم کے کارکنوں سے جھڑپوں میں 3 پولیس اہلکار شہید

خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس اور کالعدم تنظیم کے کارکنوں میں جھڑپوں میں 3 پولیس اہلکار شہید اور ایس ایچ او سمیت 10 اہل کار زخمی ہوگئے تھے۔

جلوس کے لاہور سے نکلنے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال ہونے لگی اور متعدد سڑکیں بھی کلیئر ہوگئيں۔

خیال رہے کہ کالعدم ٹی ایل پی نے گزشتہ چند دنوں سے لاہور اور ملتان میں دھرنا دے رکھا تھا اور گذشتہ روز انہوں نے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع کیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ تنظیم کے سربراہ علامہ سعد حسین رضوی کو رہا کیا جائے۔

مزید خبریں :