24 اکتوبر ، 2021
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تمام بند راستے کھول دیے جائیں گے اور کالعدم تنظیم کے شرکاء منگل تک مریدکے میں بیٹھیں گے۔
وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مظاہرین کے مطالبات کا جائزہ لے کر منگل تک پرامن طریقے سےمعاملہ حل کر لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ پولیس اورمظاہرین کےدرمیان کسی قسم کا کوئی ٹکراؤ نہیں ہو گا، معاملات کو باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ حل کیا جائے گا۔
دوسری جانب حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد لاہور سے اسلام آباد کی طرف بڑھنے والے کالعدم تنظیم کے شرکاء نے مریدکے میں پڑاؤ ڈال دیے۔
گوجرانوالہ کے داخلی اور خارجی راستے تاحال بند ہیں اور جی ٹی روڈ پر کھڑی کی گئی رکاوٹیں بھی موجود ہیں۔
گوجرانوالہ اور گجرات کے درمیان دریائے چناب پل کے قریب کھودی گئی خندق بھی تاحال بھری نہ جا سکی۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات برقرار اور گزشتہ روز بند کی گئی سڑکیں ابھی تک بند ہیں۔