24 اکتوبر ، 2021
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
بلوچستان کے صوبائی وزیر کھیل خالق ہزارہ نے تصدیق کی ہے کہ جام کمال نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ گورنر بلوچستان نے جام کمال کا استعفیٰ منظور بھی کرلیا ہے۔
خیال رہےکہ اپوزیشن سمیت حکومتی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی(بی اے پی) کے ناراض اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد ان سے مسلسل استعفےکا مطالبہ کیا جارہا تھا۔
جام کمال خان کے خلاف 20 اکتوبر کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی۔ 65 اراکین پر مشتمل بلوچستان اسمبلی کے 33 ارکان نے تحریک پیش کرنے کی حمایت کی تھی۔
گذشتہ روز بلوچستان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کی کارروائی کا ایجنڈا بھی جاری کردیا تھا۔
ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر رائے شماری کل 25 اکتوبر کودن 11 بجے ہونا تھی۔