20 اکتوبر ، 2021
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی صدارت ہوا جس میں رکن اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران نے وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی۔
اس موقع پر عبدالرحمان کھیتران کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی خراب حکمرانی کے باعث مایوسی، بدامنی، بیروزگاری، اداروں کی کارکردگی متاثرہوئی ہے، وہ خود کو عقل کُل سمجھ کراہم معاملات کو مشاورت کیے بغیر چلارہے ہیں۔
عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ اہم معاملات کو مشاورت کے بغیر چلانے سے صوبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاگیا، وزیراعلیٰ جام کمال خان اپنے طور پر صوبے کے معاملات چلارہے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ خراب کارکردگی پر وزیراعلیٰ کوعہدے سے ہٹایا جائے۔
خیال رہے کہ جام کمال کو عہدے سے ہٹانے کے لیے اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومتی ارکان بھی ان کے خلاف ہوگئے ہیں جبکہ جام کمال نے واضح طور پرکہہ دیا ہے کہ وہ استعفیٰ نہیں دیں گے۔