Time 27 اکتوبر ، 2021
پاکستان

احتجاج ٹی ایل پی کا قانونی حق ہے، ٹی ایل پی پر ظالمانہ تشدد کیا جا رہا ہے، فضل الرحمان

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ لوگوں کو اسلام آباد آنے سے روک رہے ہیں، نواز شریف کے خلاف مظاہرہ جائز تھا تو عمران خان کے خلاف ناجائز کیسے ہو گیا؟

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ دھاندلی کی پیداوار کی نگرانی میں بلدیاتی الیکشن کیسے قبول کیے جاسکتے ہیں؟ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ووٹرز ویریفکیشن کا سلسلہ شروع کررہے ہیں۔

کالعدم ٹی ایل پی احتجاج پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ احتجاج ٹی ایل پی کا قانونی حق ہے،  پہلے لاہور میں انسانی حقوق پامال کر کے تشد دکیا گیا،  اب پھر ٹی ایل پی پر ظالمانہ تشدد کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ عمران خان خود تو دھرنا دیتے ہیں لیکن اب ایسا کیوں ہے؟ نواز شریف کے خلاف مظاہرہ جائز تھا تو عمران خان کے خلاف ناجائز کیسے ہو گیا؟ یہ لوگوں کو اسلام آباد آنے سے روک رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا کہ معاملے کو شائستہ انداز میں قانونی طریقے سے حل کیا جائے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تنظیم کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا ہے اور راستے بند کرنیوالوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :