پاکستان
Time 27 اکتوبر ، 2021

'جن وزرا نے ٹی ایل پی سےمعاہدہ کیا وہ ذمہ داری لیں، وزیراعظم پر نہ ڈالیں'

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ جن وزرا نےکالعدم ٹی ایل پی سےمعاہدہ کیا وہ خود ذمہ داری لیں ،معاملہ  وزیراعظم  پر نہ ڈالیں۔

ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں  سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں،تمام مسلمان نبی کریم ﷺ سے محبت کرتے ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مسئلےکاحل فوری طورپر امام کعبہ اور متولی روضہ رسول ﷺ کو بلا کر نکالا جاسکتا ہے، بعد میں تمام مسلمان ممالک مل کے اس کا مستقل حل تلاش کر سکتے ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  ایک سوال کے جواب میں  کہا کہ ہم نے معاہدہ کیا ہے، اس پردستخط ہے اس پرقائم ہیں، اصل مسئلہ یہ نہیں کچھ اور ہے، حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنی ہوتی ہے، انسانی جانوں کے ضائع ہونے پرحکومت کوخوشی نہیں ہوتی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  فرانس کا سفیر پاکستان میں موجود ہی نہیں، ٹی ایل پی کا ایجنڈا کچھ اور ہے، ٹی ایل پی پاکستان میں کالعدم ہے،خدشہ ہے اس پر بین الاقوامی طورپر بھی پابندی  لگ سکتی ہے۔

دوسری جانب  حکومت نےکالعدم ٹی ایل پی سے عسکریت پسند تنظیم کے طور پر نمٹنے اور ان کیخلاف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اب کالعدم ٹی ایل پی کو سیاسی و مذہبی جماعت کے طور پر نہیں دیکھا جائے گا بلکہ اسے ایک عسکری تنظیم کے طور پر لیا جائے گا اور جیسے دیگر عسکریت پسند تنظیموں سے نمٹا گیا ٹی ایل پی سے بھی اسی طرح نمٹا جائے گا۔


مزید خبریں :