پاکستان
Time 28 اکتوبر ، 2021

ائیرپورٹس پر پروازوں سے پرندے ٹکرانے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

ائیرپورٹس پر پرندے ٹکرانے کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ملک بھر کے ائیرپورٹس کے قریب جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات بڑھنے لگے ہیں جس سے ائیر پورٹ اور ائیرلائنز انتظامیہ پریشان ہیں۔

ملک کے مختلف ائیرپورٹس کے قریب پرندے ٹکرانے کی بڑی وجہ صدقے کا گوشت ہے جو لوگ گھروں کی چھتوں پر ڈال دیتے ہیں، ہوائی اڈوں کے قریب پرندوں کی بڑھتی آبادی کی بڑی وجہ بعض قریبی رہائشیوں کی جانب سے صدقے کا گوشت چھتوں پر رکھنا ہے۔

ارد گرد شادی ہالز کی بھرمار کے باعث بھی پرندوں نے وہاں مستقل ٹھکانے بنا لیے ہیں جب کہ ائیر پورٹ انتظامیہ محض عید الاضحیٰ پر آلائشیں تلف کرنے کے لیے مہم چلاتی ہے۔

ایک گھر کی چھت پر گوشت

لاہور ائیرپورٹ کے قریب بھی ایک گھر کی چھت پر صدقے کا گوشت رکھا جاتا ہے، قریبی رہائشیوں نے کئی مرتبہ شکایت کی لیکن پولیس اور ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

دوسری طرف سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ پر برڈ شوٹرز کے علاوہ بلارے کا بھی بندوبست ہے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو بھی مطلع کیا جاتا ہے۔

ملک بھر میں جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات

پی آئی اے کی ایک رپورٹ کے مطابق 9 ماہ کے دوران مختلف ائیرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 60 واقعات پیش آئے جن میں سب سے زیادہ 21 واقعات لاہور ائیرپورٹ کے گردونواح میں ہوئے۔

اسلام آباد میں 13، کراچی میں 8، پشاور 6، سکھر 4، گلگت 3 جب کہ کوئٹہ اور ملتان میں پرندوں کے جہاز سے ٹکرانے کا ایک ایک واقعہ پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض میں دو اور شارجہ میں بھی پرندے کے ٹکرانے کا ایک واقعہ ہوا۔

ان واقعات میں پی آئی اے کے بوئنگ 777، اے 320 اور اے ٹی آر طیاروں کو نقصان پہنچا۔ 

مزید خبریں :