Time 28 اکتوبر ، 2021
پاکستان

اسلام آباد کی طرف مارچ کرنیوالے کالعدم تنظیم کے کارکن گوجرانوالا پہنچ گئے

کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے والے کارکن گوجرانوالا پہنچ گئے۔

جی ٹی روڈ پر ساتویں روز بھی آمدورفت معطل ہے جس کے باعث شہریوں کی مشکلات برقرار ہیں۔

کالعدم ٹی ایل پی کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے والے کارکن گوجرانوالا پہنچ گئے جس کی وجہ سے روٹ پر دکانیں بند کردی گئی ہیں جبکہ وزیرآباد میں کالعدم تنظیم کے کارکنوں کا راستہ روکنے کیلئے خندق کھودی گئی ہے۔

جی ٹی روڈ پر آمدو رفت معطل ہونے سے کھانے پینے کی اشیا اور سبزیوں کی قلت ہوگئی۔

دوسری جانب جہلم پُل سے پہلے خندق اور خاردار تاریں لگا دی گئی ہیں اور پل پر مٹی کا ڈھیر اور کنٹینرز کھڑے کردیے گئے ہیں۔

راولپنڈی اوراسلام آباد کو ملانے والی بیشتر مرکزی شاہراہیں سیل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

راستے بند ہونے سے طلبہ وطالبات پریشان ہیں اور جڑواں شہروں میں نوکری پیشہ اور دہاڑی دار مزدوررُل گئے ہیں۔

کالعدم تنظیم اور حکومت میں مذاکرات جاری

دوسری جانب وزارت داخلہ میں حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

ترجمان ٹی ایل پی کا کہنا ہے کہ مذاکرات وزارت داخلہ کے زیر اہتمام ہو رہے ہیں جس میں سربراہ تحریک لبیک سعد رضوی اور مفتی عمیر الازہری بھی شریک ہیں۔

ٹی ایل پی کے ترجمان کے مطابق حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے والے وفد میں علامہ غلام عباس فیضی بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :