پاکستان
Time 28 اکتوبر ، 2021

عبدالقدوس بزنجو کے بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان بننے کا امکان

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار عبدالقدوس بزنجو کے بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان بننے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ  کے منصب کیلئے میر عبدالقدوس بزنجو کے پانچ کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

 میر عبدالقدوس بزنجو کیلئے کاغذات نامزدگی سردار عبدالرحمان کھیتران، بشریٰ رند، نور محمددمڑ، محمد خان لہڑی اور سکندر عمرانی نے سیکرٹری بلوچستان اسمبلی کے پاس جمع کرائے۔

دوسری جانب میڈیاسے گفتگو میں میر عبدالقدوس بزنجو کا کہناتھا کہ ابھی تک وزیراعلیٰ کیلئے ایک ہی امیدوار نے کاغذات جمع کرائے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہوجاؤں تاہم سیاست میں گھنٹوں میں چیزیں تبدیل ہوجاتی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ سب کے مشورے سے آگے بڑھوں گا، حلف لینے کے بعد عملی کام نظر آئیں گے اور جو بھی وزرائے اعلیٰ رہے ہیں، ان کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔

خیال رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے تین روز قبل اپنا استعفیٰ گورنر بلوچستان ظہور آغا کو بھیجا تھا جسے اب منظور کرلیا گیا ہے۔

عبدالقدوس بزنجو اب وزرات اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔

مزید خبریں :