پاکستان
Time 30 اکتوبر ، 2021

کراچی پیٹرول پمپ پر دھماکا کیسے ہوا؟ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے رپورٹ جاری کر دی

کراچی: بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے نارتھ ناظم آباد میں سی این جی پیٹرول پمپ پر ہونے والے دھماکے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد میں سی این جی پیٹرول پمپ پر ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پپٹرول پمپ پر ہونے والے دھماکے کی رپورٹ تیار کر کے کلیئرنس لیٹر جاری کر دیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی پیٹرولنگ ٹیم نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور صورت حال کا جائزہ لیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک ماہ سے پمپ کو گیس کی سپلائی بند ہے، پمپ پر صرف پیٹرول فروخت کیا جا رہا تھا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق پمپ کے الیکٹرک روم میں پرانا اے سی تھا، کمرہ مکمل بند تھا اور گیس کے اخراج کیلئے کوئی کھڑکی نہیں تھی، گیس پریشر بننے سے کمرے کے الیکٹرک پینل میں شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکا ہوا۔

پولیس کے مطابق پیٹرول پمپ پر الیکٹرک روم کے شیشے کے دروازے کی موٹائی 12 ملی میٹر تھی، الیکٹرک روم میں زور دار دھماکا ہوا تو شیشے کا گیٹ ٹوٹ گیا، ٹوٹنے والے شیشے لوگوں کو لگے جس سے ہلاکتیں ہوئی۔

مزید خبریں :