01 نومبر ، 2021
افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان نے اپنی ریٹائرمنٹ کی وجہ بیان کردی۔
ایک انٹرویو میں اصغر افغان نے پاکستان سے ہار پر انتہائی دل شکستہ انداز میں کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان پاکستان سے ہونے والی شکست کا دکھ ہے جو مجھ سمیت پوری ٹیم نے محسوس کیا اور اس شکست سے ہمارے دل ٹوٹ گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے میچ میں ہم بہت زیادہ رنجیدہ ہوئے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔
اصغر افغان کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے بہت مشکل فیصلہ ہے مگر اب مجھے ریٹائر ہونا ہے، میں اب نوجوانوں کو موقع دینا چاہتا ہوں اور یہ ان کے لیے بہترین موقع ہے جب کہ بہت لوگو ں نے مجھ سے اس وقت ریٹائرمنٹ پر سوالات کیے مگر میں اس کی وضاحت نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دی جس میں آصف علی نے ایک اوور میں چار چھکے لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
33 سالہ اصغر افغان نے پاکستان سے شکست کے 24گھنٹوں کے اندر ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا،اصغر افغان نے 114 ون ڈے، 75 ٹی ٹوئنٹی اور 6 ٹیسٹ میچ کھیلے جبکہ 115 میچز میں افغانستان کی کپتانی کی ہے جب کہ اصغر افغان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کی کپتانی میں افغانستان سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز جیتا۔