Time 02 نومبر ، 2021
پاکستان

انتہاپسند جماعتیں سیاست میں بہترکردارکے بجائے انتشار پھیلاتی ہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ انتہا پسند جماعتیں سیاست میں بہتر کردار ادا کرنے کے بجائے انتشار  پھیلاتی ہیں، ایسی جماعتوں کی سیاست میں شرکت محدود ہوتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ کے ردعمل میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب سنی تحریک، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے زیادہ پرتشدد تھی ، وقت کے ساتھ ایسی جماعت کا خاتمہ ہوجائےگا۔

فواد چوہدری کا مزیدکہنا تھا کہ ایسی جماعت سے اتحادکا مطلب عالمی سطح پر تنہائی ہے۔

ایک اور ٹوئٹ میں وزیر اطلاعات نے میڈیا کےکردار کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ حالیہ بحران میں پاکستان کے مین اسٹریم میڈیا نے ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کیا، اگر میڈیا ایسے بحرانوں میں ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کرے تو حکومتوں کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر  سینیٹر اعجاز احمد چوہدری کا کہنا ہےکہ کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ حکومتی معاہدہ  خوش آئند ہے، پر امید ہوں کہ جلد ہی معاہدہ پایہ تکمیل پرپہنچےگا۔

جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ سعدرضوی کی رہائی پر گلدستہ لےکر ملاقات کے لیے جاؤں گا،کالعدم تحریک لبیک سے سیاسی معاملات پر گفتگو جلد شروع کریں گے۔


مزید خبریں :