Time 03 نومبر ، 2021
پاکستان

’دو بڑے خاندان اپنا پیسہ واپس لائیں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آدھی کردونگا‘

وزیراعظم کا قوم سے خطاب ریلیف پیکج کے اعلان سے متعلق تھا تاہم اس دوران انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھائی جائیں گی— فوٹو: فائل
وزیراعظم کا قوم سے خطاب ریلیف پیکج کے اعلان سے متعلق تھا تاہم اس دوران انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھائی جائیں گی— فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان قوم سے اپنے خطاب میں کیا تاہم اس دوران انہوں نے واضح طور پر یہ بھی کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھائی جائیں گی۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ملک میں مہنگائی ہے اور غریب طبقے پر دباؤ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا سے گزارش ہے کہ تصویر کا دونوں رخ دکھائے، مہنگائی پوری دنیا میں ہے، امریکا اور انگلینڈ میں بھی اگر غریب طبقے کے پاس جائیں تو وہ بھی مہنگائی کا کہیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر میں مہنگائی ہوئی ہے اور اس کا اثر پاکستان پر بھی پڑا ہے، باہر سے آنے والی مہنگائی کا کچھ نہیں کرسکتے، اگر ہمیں باہر سے چیزیں نہ منگوانی پڑیں تو قیمتیں خود ہی کم ہوجائیں گی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں خطے کے دیگر ممالک میں پیٹرول کی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اب بھی قیمت کم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھانی ہوں گی ورنہ خسارہ بڑھ جائے گا۔

اپنے خطاب کے آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ ’اپوزیشن مہنگائی کیخلاف سڑکوں پر نکلی ہوئی ہے، میں  پاکستان کے دو بڑے خاندانوں سے کہتا ہوں کہ آپ اپنی لوٹی ہوئی دولت پاکستان واپس لائیں میں ملک میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آدھی کردوں گا۔‘

مزید خبریں :