05 نومبر ، 2021
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کے اتحادی اور بعض پی ٹی آئی ارکان نے بھی احتجاج کیا ہے ۔
وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا مشکل ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جو بھی پالیسی بناتی ہے ایم کیو ایم اس میں شامل نہیں ہوتی۔
حکومت کی ایک اور اتحادی جماعت ق لیگ کے رہنما کامل علی آغا نے بھی حکومت سے اہم قومی معاملات پر مشاورت نہ کرنے کا شکوہ کیا۔
خود پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا کہ خدارا لوگوں پر تھوڑا سا رحم کریں، ہمیں بھی جواب دینا پڑتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے عوام کے لیے ریلیف پیکج کے اعلان کے ایک روز بعد ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے رات گئے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 145 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔