Time 06 نومبر ، 2021
کھیل

کرس گیل بھی انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ گئے؟

کرس گیل آسٹریلیا کیخلاف میچ سے قبل خوشگوار موڈ میں۔ فوٹو: ویسٹ انڈیز کرکٹ
کرس گیل آسٹریلیا کیخلاف میچ سے قبل خوشگوار موڈ میں۔ فوٹو: ویسٹ انڈیز کرکٹ

ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنی بیٹنگ سے مداحوں کو محظوظ تو نہ کر سکے لیکن اس کے باوجود انہیں ہمیشہ ایک بڑے کھلاڑی کے طور  پر یاد رکھا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف گروپ 12 کے لیگ میچ میں رنگ برنگے گلاسز لگا کر بیٹنگ کے لیے آنے والے 42 سالہ کرس گیل جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے دو چھکے لگا کر اس کی جھلک بھی دکھائی لیکن بدقسمتی سے وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

کرس گیل گلاسز لگا کر بیٹنگ کیلئے میدان میں آئے۔ فوٹو سوشل میڈیا۔
کرس گیل گلاسز لگا کر بیٹنگ کیلئے میدان میں آئے۔ فوٹو سوشل میڈیا۔

کرس گیل جب آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تو ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے تالیاں بجا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور جب وہ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے تو اس وقت بھی بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے جارح مزاج بلے باز نے بلا ہلا کر شائقین کرکٹ سے داد وصول کی اور کھلاڑیوں سے گلے بھی ملے۔

کرس گیل آسٹریلیا کیخلاف بیٹنگ کیلئے میدان میں آ رہے ہیں۔ فوٹو: کرکٹ ویسٹ انڈیز/ٹوئٹر
کرس گیل آسٹریلیا کیخلاف بیٹنگ کیلئے میدان میں آ رہے ہیں۔ فوٹو: کرکٹ ویسٹ انڈیز/ٹوئٹر

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ یا کرس گیل کی جانب سے باقاعدہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان تو تاحال سامنے نہیں آیا ہے تاہم غیر ملکی ویب سائٹ کرک انفو نے سوشل میڈیا پر کرس گیل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اختتام پزیر‘۔

کرس گیل 79 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں دو سنچریوں اور 14 نصف سنچریوں کی مدد سے 1899 رنز بنا چکے ہیں۔

دو روز قبل ویسٹ انڈین اسٹار آل راؤنڈر اور دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہنے والے ڈیوائن براوو نے بھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :