11 نومبر ، 2021
الیکشن کمیشن نے نا اہلی کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کو آخری موقع دیتے ہوئےکہا ہےکہ آئندہ سماعت پر اب حتمی دلائل ہوں گے۔
الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت ممبرز نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔
درخواست گزار عبدالقادر مندوخیل اور فیصل واوڈا کے وکیل پیش ہوئے، الیکشن کمیشن کےممبر نثار درانی نےکہا کہ آپ کو تحریری دلائل جمع کرانےکا کہا تھا، قادر مندوخیل نے کہا کہ میں اپنے دلائل مکمل کر چکا ہوں، ابھی تک یہ جواب نہیں ملا کہ فیصل واوڈا نے دہری شہریت کب چھوڑی؟
عبدالقادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا تو سینیٹ کے 6 سال بھی پورےکرلیں گے، 3 سال قومی اسمبلی کے مزے لوٹے، 6 سال سینیٹ کے لوٹیں گے۔
وکیل فیصل واوڈا نےکہا کہ ہم تحریری دلائل جمع کرا دیتے ہیں ، تمام دلائل کو ایک بار پھر سن لیں، چار ہفتے تک کیس ملتوی کریں۔
ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ ہم آخری موقع دیتے ہیں ، اب حتمی دلائل ہوں گے،کیس کی سماعت دو دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
خیال رہے کہ فیصل واوڈا پر الزام ہےکہ انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے انتخاب میں حصہ لینےکے لیےکاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا اور اپنی دہری شہریت چھپائی ۔