12 نومبر ، 2021
نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیون کونوے دائیں ہاتھ کی ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد بھارت کے خلاف سیریز سے بھی باہر ہو گئے۔
کونوے کو چوٹ اس وقت لگی جب انہوں نے ابوظبی میں انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں آؤٹ ہونے کے فوراً بعد اپنے بلے پر مکا مارا تھا۔ ایکسرے میں ان کے دائیں ہاتھ کی پانچویں میٹا کارپل میں فریکچر کی تصدیق ہوئی۔
کیوی کوچ کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا کہ کونوے کے لیے یہ خبر بڑا دھچکا تھی اور وہ بھی ایسے وقت میں اس طرح ٹیم سے باہر ہونے پر شدید مایوس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیون کونوے بلیک کیپس کی نمائندگی پر بہت پرجوش ہیں اور اس وقت ان سے زیادہ مایوس کوئی نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ میدان پر ایک بہت ہی معصوم سا ردعمل تھا، یقیناً انجری میں بدقسمتی کا عنصر موجود ہے۔
اس انجری کی وجہ سے ڈیون کونوے ورلڈکپ کے بعد بھارت کے خلاف ٹی 20 سیریز سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔
کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ ٹائم لائنز کی وجہ سے وہ اس ورلڈ کپ یا بھارت کے خلاف اگلے ہفتے ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے متبادل کھلاڑی نہیں لائیں گے لیکن اس ماہ کے آخر میں ٹیسٹ سیریز میں وہ اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔