15 نومبر ، 2021
پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسین نے کہا ہے کہ پچھلے 20 برسوں میں پاکستان کی جی ڈی پی میں ملکی برآمدات کا حصہ مزید کم ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویتنام جیسے چھوٹے ملک کا عالمی برآمدات میں حصہ پاکستان سے کئی گنا زیادہ ہو گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار میں برآمدات کا حصہ 2000 ء میں 16 فیصد تھا جو 2020 میں کم ہو کر 10 فی صد رہ گیا ہے، اس کا مطلب ہے کہ عالمی منڈی میں پاکستانی برآمدات کا شیئر کم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2000 ء میں دنیا بھر میں ہر 10 ہزار ڈالر کی برآمدات میں پاکستان کا حصہ 13 ڈالر تھا جو 2020 میں مزید کم ہو کر 11 ڈالر رہ گیا ہے جبکہ ویتنام جیسے چھوٹے ملک کا عالمی برآمدات میں حصہ بڑھا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2000 ء میں ہر 10 ہزار ڈالر کی عالمی برآمدات میں ویتنام کا حصہ 21 ڈالر تھا جو اب 127 ڈالر ہو گیا ہے۔