17 نومبر ، 2021
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین دھاندلی کے لیے نہیں بلکہ ’ایول ڈیزائرز‘ کو دفن کرنے کے لیے لائی جا رہی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شہباز شریف کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ’ایول وشیس مشین‘ شیطانی مشین قرار دیا گیا۔
شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نا تو عجلت میں کوئی قانون پاس کر رہے ہیں اور نا ہی کسی قسم کا کالا قانون مسلط کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے اپوزیشن سے بارہا کہا کہ آپ آئیں دیکھیں، ہم آپ کو اس کا ڈیمو کروائیں گے، آپ کو ای وی ایم پر بریفنگ دیں گے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ ملک میں ہونے والے انتخابات پر کوئی سوال نہ اٹھا سکے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا شہباز شریف نے ای وی ایم کو ایول وشیس مشین قرار دیا جو ان کا حق ہے لیکن میں وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ ای وی ایم ایول وشیس مشین نہیں بلکہ ایول ڈیزائرز کو دفن کرنے کے لیے لائی جا رہی ہیں۔