15 فروری ، 2012
لاہور … پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پر متفقہ قرارداد کی منظوری کے بعد ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگیا۔ اسپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے کی بجائے 2 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ ایوان میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی جس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ ایوان کا ماحول اس وقت تلخ ہو گیا جب اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے ایوان میں نہ آنے پر وزیراعلیٰ پنجاب پر شدید تنقید کی۔ جواب میں وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے طنزاً کہا کہ اپوزیشن لیدڑ ہمیشہ بونگی مارتے رہتے ہیں۔ راجا ریاض کے احتجاج پر اسپیکر رانا محمد اقبال نے بونگیاں مارنے اورراجہ ریاض کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو قاتل اعلیٰ کہنے کے الفاظ حذف کرا دئیے۔ اجلاس میں سرکاری بینچوں کی جانب سے پنجاب بینک کے ایک ترمیمی مسودے کے پیش ہوتے ہی راجہ ریاض نے ہنگامہ شروع کردیا، ن لیگ کے وارث کلو اور افضل خان بھی چپ نہ رہے۔ اس دوران راجہ ریاض نے اپنے ساتھیوں کو ایوان سے باہر جانے کو کہا اور خود کورم کی نشاندہی کردی جس کے بعد اجلاس پہلے آدھ گھنٹے اور بعد میں غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔