Time 18 نومبر ، 2021
پاکستان

جہاں انٹرنیٹ نہیں وہاں ای وی ایم کیسے استعمال ہوگی؟ سیکرٹری الیکشن کمیشن پر سوالات کی بوچھاڑ

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ای وی ایم کے استعمال میں چیلنجز درپیش ہیں، اس کا استعمال آئندہ عام انتخابات میں ہوگا یا نہیں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔

قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین ریاض فتیانہ کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن پر سوالات کی بوچھاڑ ہوگئی، اراکین نے پوچھا کہ بلوچستان کے عوام ای وی ایم پر ووٹ کاسٹ کے لیےکیسے جائیں گے؟جہاں انٹرنیٹ نہیں ہے وہاں ای وی ایم کیسے استعمال ہوگی؟ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کہاں کہاں رکھیں گے؟ بتائیں بلوچستان میں کیسے حلقہ بندیاں کریں گے؟  اور بعد میں ان معاملات کو کس پر ڈالیں گے؟

 سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ میں کہا کہ 28 ممالک میں سے 8 ممالک میں ای وی ایم مشینز چل رہی ہیں، بلوچستان کے حوالے سے تحفظات پر کام کر رہے ہیں،اس وقت میں آپ کے سوالات کے جوابات نہیں دے سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ای وی ایم کے استعمال میں چیلنجز درپیش ہیں،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال آئندہ عام انتخابات میں ہوگا یا نہیں، ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے،ای وی ایم کے استعمال سے متعلق مزید 3 سے 4 پائلٹ پراجیکٹ کرنا پڑیں گے،ایک پولنگ اسٹیشن پر کتنی الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ہوں گی یہ جانچنا بھی باقی ہے۔

مزید خبریں :