Geo News
Geo News

Time 19 نومبر ، 2021
دنیا

امریکی صدر کے اختیارات تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کے سپرد

امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو صدر مملکت کے اختیارات ملے لیکن محض ایک گھنٹے 25 منٹ کیلئے، اس کے بعد صدارتی اختیارات واپس لے لیے گئے— فوٹو: فائل
امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو صدر مملکت کے اختیارات ملے لیکن محض ایک گھنٹے 25 منٹ کیلئے، اس کے بعد صدارتی اختیارات واپس لے لیے گئے— فوٹو: فائل

امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو صدر مملکت کے اختیارات ملے لیکن محض ایک گھنٹے 25 منٹ کیلئے، اس کے بعد صدارتی اختیارات واپس لے لیے گئے۔

امریکا کی پہلی خاتون نائب صدر کملا ہیرس نے صدر جو بائیڈن کے میڈیکل چیک اپ کےدوران صدر کے اختیارات سنبھالےتھے۔ اس دوران انہوں نے امریکی صدر کے اختیارات سنبھالنے والی تاریخ کی پہلی خاتون کا اعزاز اپنے نام کیا۔

نائب صدر کملا ہیرس نے ایک گھنٹہ 25 منٹ کیلئے صدارتی اختیارات سنبھالے اور بعد ازاں امریکی صدر  جو بائیڈن نے میڈیکل چیک اپ کےبعد صدارتی عہدہ دوبارہ سنبھال لیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے معمول کے کلونواسکوپی چیک اپ سے قبل اپنے اختیارات کملا ہیرس کے سپرد کیے کیوں کہ اس دوران انہیں بے ہوش کیا جانا تھا لہٰذا یہ ضروری تھا کہ صدر کے اختیارات نائب صدر سنبھالے۔

جو بائیڈن کا سالانہ طبی معائنہ واشنگٹن کے مضافات میں والٹر ریڈ ملٹری اسپتال میں کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی نائب صدور کو صدر کے اختیارات سونپے جاتے رہے ہیں تاہم وہ سارے مرد تھے، کملا امریکا کی 250 سالہ تاریخ میں نائب صدر کے عہدے پر فائز ہونے والی بھی پہلی خاتون ہیں۔

جو بائیڈن 79 برس کے ہوچکے ہیں اور وہ امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے والے تاریخ کے معمر ترین شخص ہیں۔