پاکستان
Time 20 نومبر ، 2021

ویڈیو: سدھو کے عمران خان کو ’بڑا بھائی‘ کہنے پر بھارتی میڈیا تلملا اٹھا

بھارتی پنجاب میں کانگریس کمیٹی کے صدر  اور سابق ٹیسٹ کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے، مذہبی رسومات ادا کیں،کھانا بھی کھایا۔

میڈیا سے گفتگو میں سدھو نے کہا  کہ دوریاں ختم کرنےکےلیےاقدامات کرنا ہوں گے، پاکستان سے بڑی مارکیٹ کہیں نہیں، لاہور اور گورداسپور کےدرمیان تجارت کھلےتو خوشی ہوگی۔

نکانہ صاحب میں سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے 552 ویں جنم دن کی تقریبات جاری ہیں ۔ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔

پاکستان آمد کے موقع پر سدھو کی کرتار پور کے سی ای او سے ملاقات کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں پاکستانی حکام کو سدھو کا استقبال کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص اپنا کرتارپور کے سی ای او کے طور تعارف کراتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی عوام کی طرف سے آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں،  پھر سدھو کو پھولوں کا ہار بھی پہنایا جاتا ہے۔

اس دوران سدھو وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے کہتے ہیں کہ ’وہ میرا بڑا بھائی ہے، اس نے بہت کیا ہے۔‘

اس ویڈیو پر بھارتی میڈیا میں کہرام مچ گیا ہے اور سدھو کی جانب سے عمران خان کو بڑا بھائی کہنے پر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

ویڈیو میں مزید دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی میڈیا کرتارپور سے واپسی پر سدھو کا انتظار کررہا ہے تاکہ ان سے پاکستان میں عمران خان کو بڑا بھائی کہنے سے متعلق سوال پوچھ سکے تاہم سدھو اپنی گاڑی میں بیٹھے رہے۔

مزید خبریں :