کھیل
Time 20 نومبر ، 2021

چین کے سابق نائب وزیراعظم پر زیادتی کا الزام لگانے والی ٹینس اسٹار کہاں ہیں؟

چین کی ٹینس اسٹار سابق ڈبلز عالمی نمبر  ون پینگ شوئی کی گمشدگی کے معاملے پر چین کے روزنامے گلوبل ٹائمز کے ایڈیٹر انچیف اور صحافی ہو شی جن کا کہنا ہے کہ چینی ٹینس اسٹار  پینگ شوئی آزاد اور اپنے گھر پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال پینگ شوئی اپنی ذاتی زندگی میں مداخلت نہیں چاہتیں، پینگ شوئی بہت جلد معمول کی سرگرمیوں میں واپس آجائیں گی۔

چینی صحافی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر  پینگ شوئی کی تصاویر اور وڈیوز بھی شیئر کیں، چینی صحافی کا دعویٰ ہے کہ تصاویراور وڈیوز حالیہ دنوں کی ہیں۔

خیال رہے کہ چینی ٹینس اسٹار  رواں ماہ کے آغازسے منظر عام سے غائب ہیں، پینگ شوئی نے رواں ماہ سابق نائب  وزیر اعظم  پر  جنسی زیادتی کا الزام لگایا  تھا۔ ان کے منظر عام سے غائب ہونے کے بعد امریکا سمیت ویمن ٹینس کی عالمی تنظیم نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ پینگ شوئی کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور ان کے خیریت سے ہونے کے شواہد سامنے لائے جائیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پینگ شوئی نےچینی سوشل میڈیا ایپ ویبو پر ایک پوسٹ میں الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سابق نائب وزیر اعظم ژانگ گاؤلی نے کافی سال پہلےانہیں اپنے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کیا تھا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ چین کے کسی سینیئر سیاسی رہنما پر جنسی زیادتی کا الزام لگایا گیا ہے۔

تاہم سابق چینی نائب وزیراعظم ژانگ گاؤلی نے ٹینس کھلاڑی کے الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا جبکہ اس پوسٹ کو چین کے انٹرنیٹ سے ڈیلیٹ کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 75 سالہ ژانگ نے 2013 اور 2018 کے درمیان چین کے نائب وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں اور وہ چینی صدر شی جن پنگ کے قریبی اتحادی تھے۔

مزید خبریں :