پاکستان
Time 22 نومبر ، 2021

الیکشن کمیشن کی بلدیاتی انتخابات کیلئے حکومت سندھ کو آخری مہلت

کراچی: الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق تمام کام مکمل کرنے کے لیے حکومت سندھ کو آخری مہلت دیدی۔

سندھ میں بلدیاتی الیکشن کرانے سے متعلق کیس کی سماعت الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہوئی۔

الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت 30 نومبر تک تمام کام مکمل کر کے ضروری دستاویزات کمیشن کے حوالے کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر 30 نومبر تک سندھ حکومت نے اپنا کام مکمل نہ کیا تو یکم دسمبر سے سندھ بھر میں حلقہ بندیاں شروع کردی جائیں گی۔

صوبائی الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ہونے والی کارروائی سے متعلق تفصیلات جمع کروا دیں۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ گزشتہ سماعت میں چیف سیکرٹری سندھ پیش نہیں ہوئے، سیکرٹری بلدیات پیش ہوئے اور دستاویزات اور ڈیٹا کی فراہمی کے لیے مہلت طلب کی۔

صوبائی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت بلدیاتی الیکشن کروانے کے لیے وقتاً فوقتاً مہلت طلب کرتی رہی ہے، سندھ حکومت کے رویے سے لگتا ہے کہ صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن کروانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں بلدیاتی اداروں کی مدت 30 اگست 2020 کو ختم ہوگئی تھی، بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن میں بلدیاتی الیکشن نہ کروانا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

مزید خبریں :