22 نومبر ، 2021
معروف اداکارہ علیزے شاہ سے متعلق ساتھی اداکار نوید رضا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے ڈرامے میں یاسر نواز کے ساتھ بہت بدتمیزی کی تھی۔
نوید رضا نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں علیزے شاہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ آپ جتنا مرضی کام کرلیں، جتنے بھی مشہور کیوں نہ ہوں، آپ کو اپنے سینئرز سے عزت سے پیش آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آپ اپنے ذاتی زندگی کے مسائل لے کر سیٹ پر نہیں آتے، وہ ایک کام کی جگہ ہے، یاسر نواز کی ایک پروفائل ہے، انہوں نے بہت کام کیا ہوا ہے، آپ کو کس نے حق دیا ہے کہ اسکرپٹ میں ان کی لکھی گئی لائنز کاٹیں اور کہیں کہ آپ میرے ساتھ یہ لائنز نہیں بولیں گے۔
اداکار نے مزید کہا کہ علیزے کہتی تھیں کہ میں یاسر کے ساتھ یہ سین نہیں کروں گی، یہ بدتمیزی ہے، انسان دوستی میں بھی کسی سے ایسے بات نہیں کرسکتا، آپ ابھی بہت چھوٹی ہیں اور آپ نے بہت کام کرنا ہے، آپ کو تو ان سے سیکھنا چاہیے، یہ ہی بہت بڑی بات ہے کہ اتنے بڑے اداکار نے آپ کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے کی حامی بھری۔
نوید رضا کا کہنا تھا کہ صرف یاسر نہیں بلکہ علیزے نے ہمایوں سعید کے ساتھ بھی بدتمیزی کی تھی، وہ پراجیکٹ ہمایوں سعید کی پروڈکشن میں بننے والا پراجیکٹ تھا، انہوں نے سب اداکاروں کو شوٹنگ کی تاریخیں آگے پیچھے کرنے کیلئے فون کیا، ہمایوں نے جب علیزے کو فون کیا تو انہوں نے ان سے بھی بدتمیزی کی۔