Time 22 نومبر ، 2021
پاکستان

کیا سابق چیف جسٹس کی مبینہ آڈیو ایڈٹ شدہ ہے؟ فواد چوہدری نے پرانی ویڈیو شیئرکردی

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 'لگتا ہے ججوں کے خلاف مہم کی تیاری ذرا جلدی میں کی گئی۔

ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ایک  پرانی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے ہیں، ویڈیو کے آخر میں جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار کی  وائرل ہونے والی مبینہ آڈیو بھی شامل کی گئی ہے۔

ویڈیو میں سابق چیف جسٹس کی تقریر میں شامل چند الفاظ ان کی مبینہ آڈیو میں بھی شامل ہیں، جس سے امکان ظاہرکیا گیا ہےکہ مبینہ طور پر وائرل شدہ آڈیو ایڈٹ کی گئی ہے اور اس کے الفاظ مذکورہ ویڈیو سے لیےگئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ویڈیو پوسٹ کرکےکہا ہےکہ لگتا ہے ججوں کے خلاف مہم کی تیاری ذرا جلدی میں کی گئی۔اس مذموم مہم کے پیچھے سارے کردار سامنے ہیں، امید ہے اس معاملے میں عدالتیں نرم رویہ اختیار نہیں کریں گی اور اس توہین آمیز مہم کو منطقی انجام تک پہنچایا جائےگا۔

بعد ازاں فواد چوہدری نے اسی حوالے سے ایک اور ویڈیو پوسٹ کی جس میں سابق چیف جسٹس کو ایک اور تقریب سے خطاب کرتے دیکھا جاسکتا ہے، اس ویڈیوکے بھی کچھ الفاظ وائرل شدہ آڈیو میں شامل ہیں، فواد چوہدری نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ 'کوئی شرم ہوتی ہے،کوئی حیا ہوتی ہے'۔

خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار سے منسوب ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی جگہ بنانےکے لیے نواز شریف کو سزا دینی ہوگی، مریم نواز کو بھی سزا دینی ہوگی۔مبینہ آڈیو کلپ میں وہ مبینہ طور پر تسلیم کر رہے ہیں کہ مریم نواز کو بھی سزا دینی ہو گی اگرچہ مریم نواز کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔ 

دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے خود سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی تردیدکردی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ آڈیو میں آواز میری نہیں ہے، مجھ سے منسوب کی گئی آڈیو جعلی ہے، کبھی کسی کو اس حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دیں۔


مزید خبریں :