ویڈیو: سجی سنوری دُلہن شادی کے روز دُلہا کے ہمراہ امتحان دینے پہنچ گئی

شادی پر دُلہنوں کو عام طور پر اس بات کی فکر لاحق ہوتی ہے کہ ان کا لباس، جیولری اور میک اپ بالکل پرفیکٹ لگے لیکن ان فکروں سے آزاد بھارتی دُلہن تعلیم حاصل کرنے کی جستجو میں امتحان دینے پہنچ گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر راج کوٹ سے تعلق رکھنے والی شیوانگی بگتھاریا پارلر سے تیار ہوکر شادی ہال جانے کی بجائے دُلہا اور اپنے گھر والوں کے ہمراہ سیدھا امتحانی کمرے میں پہنچ گئیں۔

شیوانگی نجی جامعہ سے بیچلرز کررہی ہیں اور سوشل ورک کے پانچویں سمسٹر میں زیرِ تعلیم ہیں۔ انہوں نے انٹرویو میں بتایا کہ ان کیلئے امتحان دینا بہت ضروری تھا، جب شادی کی تاریخ رکھی گئی تو امتحانات کا شیڈول نہیں آیا تھا لیکن بعد میں پتا چلا کہ ان کا ایک پرچہ شادی کے روز ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیوانگی کا کہنا تھا کہ امتحانات کی تاریخ معلوم ہونے کے بعد انہوں نے گھر والوں سے اس بات کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ وہ شادی والے دن ہی پرچہ دینا چاہتی ہیں جس پر گھر والوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔

دلہن کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمز پر وائرل ہے جس پر صارفین شیوانگی اور ان کے ہونے والے شوہر کے فیصلے کو سراہ رہے ہیں۔

مزید خبریں :