کھیل

قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل بلے باز کے سر کے پچھلے حصے میں سفید نشان کیوں ہے؟

شائقین کرکٹ کی تیز نظروں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھاکر پہلی بار قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے والے کامران غلام کے سر کے پچھلے حصے میں نظر آنے والے چند سفید دھبوں کو دیکھ لیا —فوٹو: اسکرین گریب
شائقین کرکٹ کی تیز نظروں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھاکر پہلی بار قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے والے کامران غلام کے سر کے پچھلے حصے میں نظر آنے والے چند سفید دھبوں کو دیکھ لیا —فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹیسٹ اسکواڈ ان دنوں بنگلادیش میں موجود ہیں جہاں قومی ٹیم نے  2 ٹیسٹ میچز  پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نےحال ہی میں کھلاڑیوں کے ڈھاکا سے چٹاگانگ تک سفر کی ایک ویڈیو جاری کی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کھلاڑی ہوٹل سے بس میں سوار ہوئے ، ائیرپورٹ پہنچے، طیارے میں بیٹھے اور پھر چٹاگانگ میں لینڈ کرگئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ دنوں میں پرفارمنس شاندار ہے یہی وجہ ہے کہ شائقین کرکٹ ٹیم سے متعلق زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنے کی تجسس رکھتے ہیں۔ 

حال ہی میں پی سی بی کی جاری کردہ ویڈیو میں پاکستان کرکٹ کے فینز نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ان کے تکیے کے ہمراہ دیکھ کر اس پر تبصرے کیے تھے اور یہ جاننے کی کوشش کی تھی کہ وہ تکیہ کیوں ساتھ رکھتے ہیں۔ اس معاملے پر خود رضوان اور پی سی بی نے بھی شائقین کو آگاہ کیا تھا کہ تکیہ ساتھ رکھنے کی وجہ کیا ہے۔

اس بار بھی شائقین کرکٹ کی تیز نظروں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھاکر پہلی بار قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے والے کامران غلام کے سر کے پچھلے حصے میں نظر آنے والے چند سفید دھبوں کو دیکھ لیا اور اس سے متعلق جاننے کی کوشش کرنے لگے۔

سوشل میڈیا پر بھی کامران غلام کے سر کے پیچھے موجود سفید نشان کو لے کر شائقین کرکٹ نے سوالات کیے۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ یہ کافی عرصے سے ہیں اور پریشانی کی کوئی بات نہیں۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ یا خود کامران غلام کی جانب سے باضابطہ کوئی وضاحت تو سامنے نہیں آئی البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ دراصل کامران غلام  کے سر کے پیچھے جو سفید نشانات ہیں وہ ’بال جھڑ‘ کی وجہ سے ہیں اور اس میں کوئی پریشانی کی بات نہیں اور نہ ہی ان کی وجہ سے کھلاڑی کی پرفارمنس پر کوئی اثر پڑتا ہے۔

بال جھڑ ایک ایسے کیفیت ہوتی ہے جس میں سر کے بال کسی خاص حصے سے جھڑنا شروع ہوجاتے ہیں۔ اسے ’بار چر‘ یا بال خورہ بھی کہتے ہیں۔

بال جھڑ  کیا ہے؟

بال جھڑ  میں اکثر  مرد یا عورت کے  سر پر مختلف جگہ سے بال اُڑنا شروع ہوجاتے ہیں  اسے طبی زبان میں ایلوپیشیا اور عام زبان میں  بال جھڑ کہتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ میں پولی کلینک اسپتال اسلام آباد میں جلدی امراض کے شعبے کی سربراہ ڈاکٹر شیریں انصاری کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایلوپیشیا کا مطلب  ہے گنج پن یا بالوں کا گر جانا جبکہ ایلوپیشیا  ایریاٹا کا مطلب ہے کہ ایک جگہ سے بالوں کا اُڑ جانا۔

ڈاکٹر نے بتایا کہ ایلوپیشیا ایریاٹا اگر  سر میں ہو تو  سر پر مختلف پیچز آپ کو نظر آئیں گے   جبکہ اس کے علاوہ یہ  چہرے ، بھنوؤں یا پلکوں پر بھی ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں :