Time 24 نومبر ، 2021
پاکستان

حکومت کا بھی ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر از خود نوٹس کا مطالبہ

اپوزیشن کے بعد حکومت نے بھی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ عدالت کو خود چاہیے کہ اگر ان کے کسی برادر جج کے بارے میں کوئی ایسی بات ہوئی ہے تو وہ سو موٹو نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کا اپنا وقار ہے، ہر ادارے کو اپنی ساکھ کا تحفظ کرنا ہوتا ہے، ہمیں نہ نیب کی ذمے داری اٹھانے کی ضرورت ہے نہ عدالتوں کی۔

مبینہ آڈیو ٹیپ کا معاملہ کیا ہے؟

سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار سے منسوب ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی جگہ بنانےکے لیے نواز شریف کو سزا دینی ہوگی، مریم نواز کو بھی سزا دینی ہوگی، مبینہ آڈیو کلپ میں وہ مبینہ طور پر تسلیم کر رہے ہیں کہ مریم نواز کو بھی سزا دینی ہو گی اگرچہ مریم نواز کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔

دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے خود سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی تردیدکردی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ آڈیو میں آواز میری نہیں ہے، مجھ سے منسوب کی گئی آڈیو جعلی ہے،کبھی کسی کو اس حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دیں۔ جب کہ فارنزک کے ماہر امریکی ادارے نے آڈیو فائل کی صداقت اور درستی کی تصدیق کی ہے۔

مزید خبریں :