24 نومبر ، 2021
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کو چیلنجنگ قرار دیدیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی کے چیئرمین گریک بارکلے نے ایک بیان میں کہا کہ 2025 میں بھارت کا دورہ پاکستان واقعی چیلنجنگ ہوگا تاہم اس معاملے میں آئی سی سی کچھ نہیں کرسکتی ، پاکستان اور بھارت کئی عرصے سے دو طرفہ دورے نہیں کررہے۔
چیئرمین آئی سی سی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ کرکٹ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گی، اگر چہ اس پر کام کرنا مشکل ہے کیوں کہ میں جغرافیائی صورتحال کو کنٹرول نہیں کرسکتا۔
گریک بارکلےکا کہنا تھا کہ صرف امید کی جاسکتی ہے کہ کرکٹ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی اور اس کے ذریعے دونوں ملکوں کے افراد ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی دینے کے اعلان کے بعد کرکٹ شائقین تشویش میں مبتلا ہیں کہ اس میزبانی کے بعد آیا بھارت کی ٹیم پاکستان آئے گی یا نہیں؟
اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے سابق صدر اور وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا ہےکہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ وہاں کی سکیورٹی صورتحال سے مشروط ہے، بھارتی حکومت پوری طرح پاکستان کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے گی جس کے بعد ہی ہم ٹیم بھیجنے سے متعلق کوئی اعلان کریں گے۔