24 نومبر ، 2021
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 16 منزلہ عمارت کی تعمیر کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کو پیش ہونےکا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بہادر آباد میں 16 منزلہ الباری ٹاور کی تعمیرکے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پارک کی زمین پر غیر قانونی عمارت بنائی گئی، عدالتی نوٹس کے بعد بھی تعمیرات نہیں روکی گئیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بلڈر کون ہے اس کا، کون بنارہا ہے یہ ؟ وکیل نے بتایا محمد توفیق اور محمد سعید نامی بلڈرز نے عمارت تعمیرکی۔
عدالت نے ایس ایچ او نیو ٹاؤن کے ذریعے بلڈرکو نوٹس کی تعمیل کرانے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس نے عمارت کی تصویر عدالت میں لہراتے ہوئے ریمارکس دیےکہ یہ کیا ہو رہا ہے بتائیں، سعید غنی صاحب کہاں ہیں ؟ وہ کہتے ہیں ایسی عمارتیں بنیں گی، بلائیں انہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے وہ کہا کہتے ہیں عہدہ چھوڑ دوں گا مگر گراؤں گا نہیں ، چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمے میں کہا کہ کب چھوڑیں گے وہ عہدہ، یہ تو بتائیں ؟
عدالت نے سعید غنی کو پیش ہونے کا حکم دیا، سعید غنی عدالت میں پیش ہوئے تاہم عدالتی وقت کی کمی کے باعث کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ۔