Time 24 نومبر ، 2021
پاکستان

سندھ کے بعد پنجاب کا بھی وفاق سے افسران کے تبادلے پر تنازع

پولیس اور  انتظامی افسروں کے تبادلے پر وفاق اور صوبوں کا تنازع  شدت اختیارکرگیا،  سندھ کے بعد پنجاب نے بھی افسروں کو چھوڑنے سے انکارکردیا۔

وفاقی حکومت نے روٹیشن پالیسی کے تحت تبادلوں کے باوجود ڈیوٹی جوائن نہ کرنے والے پنجاب کے افسروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے7 دن میں جواب طلب کرلیا۔ 

دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب نے وفاق سے افسران کی کمی پوری کرنےکی استدعا کردی، چیف سیکرٹری نے متبادل افسر دینے تک موجودہ ٹیم کو کام جاری رکھنے کے لیے خط لکھ دیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہےکہ پنجاب حکومت کو پولیس اور انتظامی افسران کی کمی کا سامنا ہے۔

 واضح رہے کہ اعلیٰ عہدوں پر فائز سول افسروں کے تبادلوں کے احکامات رواں ماہ جاری کیےگئے تھے،  ان میں سیکرٹری خزانہ افتخار احمد ساہو، سیکرٹری ایم پی ڈی ڈی علی طاہر،کمشنر ڈی جی خان سارہ اسلم اور کمشنر سرگودھا فرخ مسعود بھی شامل ہیں۔

 ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر محمد زبیر دریشک، آر پی او ملتان سید خرم علی، ڈی آئی جی احمد ارسلان ملک،ڈی آئی جی ٹریفک سہیل اختر، آر پی او شیخوپورہ انعام وحید خان اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ضعیم اقبال شیخ کو بھی روٹیشن پالیسی کے تحت تبدیل کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :