Time 24 نومبر ، 2021
پاکستان

وزیراعظم نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ کو ڈرامہ قرار دے دیا

وزیراعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ کو ڈرامہ قرار دے دیا۔

ایک تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ یہ بتانے کے بجائے کہ لندن کے چار فلیٹس کا پیسہ کہاں سے آیا، ٹیپس نکل رہی ہیں، ججز کے نام آرہےہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ عدلیہ اور فوج کو بُرا بھلا کہا جارہا ہے، افسوس کہ لاہور کے فنکشن میں جہاں چیف جسٹس کو بلایا گیا وہاں اس مجرم نے تقریر کی جو ملک سے بھاگا ہوا ہے، انہوں نے اسمبلی میں جھوٹ بولا، قطری خط بھی فراڈ نکلا۔

مبینہ آڈیو ٹیپ کا معاملہ کیا ہے؟

گزشتہ دنوں سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار سے منسوب ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آئی تھی جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی جگہ بنانےکیلئے نواز شریف کو سزا دینی ہوگی۔

مبینہ آڈیو کلپ میں وہ مبینہ طور پر تسلیم کر رہے ہیں کہ مریم نواز کو بھی سزا دینی ہو گی اگرچہ مریم نواز کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔

دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے خود سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی تردیدکی۔

ان کا کہنا تھاکہ آڈیو میں آواز میری نہیں ہے، مجھ سے منسوب کی گئی آڈیو جعلی ہے،کبھی کسی کو اس حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دیں۔

مزید خبریں :