Time 24 نومبر ، 2021
پاکستان

کراچی چڑیا گھر میں نایاب نسل کا سفید شیر ہلاک ہوگیا

کراچی چڑیا گھر میں موجود نایاب نسل کا سفید شیر ہلاک ہوگیا، گزشتہ کئی روز سے شیر کےلاغرپن کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل تھی۔

کراچی زو میں موجود نایاب نسل کا سفید شیر 20 دن بیمار رہنے کے بعد آخرکار مرگیا، انتظامیہ کا کہنا ہےکہ شیر نمونیا کا شکار تھا اور نہایت کمزور ہونے کے باعث دوران علاج مرگیا۔

چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق نایاب نسل کے اس سفید شیرکو افریقا سے 2012 میں درآمد کیا گیا تھا، شیر کو اُس وقت ایک کروڑ روپےکی خطیر رقم ادا کرکے لایا گیا تھا، شیر کی عمر 14 سے 15 سال تھی۔

ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کہنا ہےکہ سفید شیر کو ٹی بی کا مرض لاحق تھا اور  اس کے پھیپھڑوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا، شیرکا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے، رپورٹ سامنے آنے پر موت کی وجہ سامنے لائی جائےگی۔

دوسری طرف ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی چڑیا گھر میں سفید شیر کے مرنےکی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

واضح رہےکہ چند روز قبل کراچی زو میں جانوروں کو کھانا فراہم کرنے والے ٹھیکیدار نے کئی ماہ سے بقایہ جات ادا نہ ہونے کی وجہ سے جانوروں کا کھانا فراہم کرنا بندکر دیا تھا، جس کے باعث تین روز تک چڑیا گھر کے جانوروں نے کچھ نہیں کھایا اور گزشتہ روز ہی خوراک کی فراہمی کے معاملات طے پائے تھے۔


مزید خبریں :