Time 25 نومبر ، 2021
کھیل

افغانستان میں خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہے: سربراہ افغان کرکٹ بورڈ

آئی سی سی نے افغانستان میں طالبان کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں پر پابندی لگانے کے بعد کرکٹ معاملات کی دیکھ بھال کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیا تھا—فوٹو فائل
 آئی سی سی نے افغانستان میں طالبان کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں پر پابندی لگانے کے بعد کرکٹ معاملات کی دیکھ بھال کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیا تھا—فوٹو فائل

چیئرمین افغان کرکٹ بورڈ میر واعظ اشرف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیئرمین میر واعظ اشرف نے گزشتہ روز اسٹاف میٹنگ میں کہا کہ خواتین کی کرکٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی بڑی ضروریات میں سے ایک ہے اور ہم اس پر کام کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

میر واعظ اشرف کا مزید کہنا تھا کہ ہماری خواتین ٹیم معمول کے مطابق کرکٹ کھیلے گی اور ہم خواتین کرکٹرز کی تمام بنیادی ضروریات پوری کریں گے اور انہیں سہولیات فراہم کریں گے۔

اس سے قبل آئی سی سی نے افغانستان میں طالبان کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں پر پابندی لگائے جانے کے بعد کرکٹ معاملات کی دیکھ بھال کیلئے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا تھا۔

خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت کے بعد طالبان کے ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمداللہ واثق نے آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین کو کرکٹ سمیت کسی بھی ایسے کھیل کی اجازت نہیں دیں گے جس میں ان کا جسم اور چہرہ ڈھکا ہوا نہ ہو۔ 

مزید خبریں :