26 نومبر ، 2021
پاکستان ٹیم کے تجربہ کارآل راؤنڈرز شعیب ملک اور محمد حفیظ قومی سلیکشن کمیٹی کے فیوچر کے پلانز میں شامل نہیں رہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں وکٹ کیپر سرفراز احمد اور عماد وسیم بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے ۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کےلیے قومی اسکواڈ کی تشکیل پر مشاورت جاری ہے ۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی اِن پُٹ کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے جبکہ اسکواڈ کا اعلان بنگلا دیش میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد کیا جائے گا۔
شعیب ملک اور محمد حفیظ سے متعلق خبریں ہیں کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب سلیکشن کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دنوں کھلاڑیوں کی دستبرداری کی خبریں اپنی جگہ لیکن وہ مستقبل کے پلانز کا حصہ نہیں ہیں جبکہ ہوم سیریز میں نیا کمبی نیشن آزمانے کا پلان بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر سرفراز احمد اور عماد وسیم بھی ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے ۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائیں گی جبکہ سیریز کے تمام میچز 13 سے 22 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوں گے۔