27 نومبر ، 2021
ان دنوں بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی خبریں میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں اور آئے دن دونوں کی شادی سے متعلق کوئی نئی خبر سامنے آرہی ہے۔
کچھ روزقبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل اگلے ہفتے ممبئی میں کورٹ میرج کریں گے جس کے بعد دونوں دسمبر کے آغاز میں روایتی انداز میں راجستھان میں شادی کریں گے۔
اس کے علاوہ بھارتی میڈیا نے تو کترینہ کو شادی میں لگائی جانے والی مہندی کے حوالے سے بھی مختلف دعوے کیے لیکن اب وکی کوشل کی کزن ڈاکٹر اپاسنا ووہرا نے ان تمام خبروں کو ردکردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وکی کوشل کی کزن ڈاکٹر اپاسنا کا کہنا ہے کہ میڈیا میں دونوں اداکاروں کی شادی سے متعلق خبریں محض افواہ ہیں ان میں کچھ سچائی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وکی اور کترینہ کی شادی نہیں ہورہی اور اگر ایسا کچھ ہوگا تو وہ دونوں اس کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر اپاسنا نے مزید کہا کہ میری وکی سے کچھ روز پہلے بات ہوئی جس میں اداکار نے شادی سے متعلق خبروں کی تردیدکی ۔
وکی کی کزن کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتی لیکن اس وقت شادی نہیں ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ کترینہ اور وکی کی جانب سےاب تک شادی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔