Time 28 نومبر ، 2021
کاروبار

سعودی عرب سے 3 ارب ڈالرکا قرضہ 4 سے 3.8 فیصد شرح سود پر لیاگیا، وزارت خزانہ

رقم واپس لینےکا اختیار ادھار دینے والے ملک کے پاس ہوتا ہے، ترجمان وزارت خزانہ— فوٹو:فائل
رقم واپس لینےکا اختیار ادھار دینے والے ملک کے پاس ہوتا ہے، ترجمان وزارت خزانہ— فوٹو:فائل

وزارت خزانہ نے سعودی عرب سے قرض پر بیان جاری کیا ہے۔

ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق کابینہ نے سعودی عرب سے 4.2 ارب ڈالرز قرض کی منظوری دی جبکہ سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر کا قرضہ 4 سے 3.8 فیصد شرح سود پر لیا گیا۔

ترجمان وزارت خزانہ نے بتایا کہ رقم واپس لینےکا اختیار ادھار دینے والے ملک کے پاس ہوتا ہے، کسی تنازع کی صورت میں ادھار دینے والے ملک کے قوانین کا اطلاق ہوتا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ملکی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا گیا، قرض دینے پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز کے سپورٹ فنڈ کا اعلان کیا ہے، یہ رقم سعودی فنڈ برائے ترقی اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ سعودی عرب ایک سال کے دوران ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں 1.2 ارب ڈالرز کی فنانسنگ بھی فراہم کرے گا۔