اسٹیڈیم میں گٹکا کھانیوالے شخص کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گٹکا چھوڑنے کا فیصلہ

بھارت اور نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ میچ کے دوران اسٹیڈیم میں بیٹھ کر گٹکا کھانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گٹکا مین  نے تمباکو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا پر حال ہی میں ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں بھارتی شہر کانپور میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ کے دوران ایک تماشائی کو گٹکا منہ میں دبائے فون پر بات کرنے میں مصروف دیکھا گیا تھا جب کہ میچ میں ساتھ بیٹھی خاتون  کو میچ سے لطف اندوز ہوتے دیکھاگیا تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے  کہ جیسے ہی کیمرے کی نظر ان دونوں تماشائیوں پرپڑی تو نہ صرف خاتون نے بلکہ گٹکا کھاتے ہوئے شخص نے بھی ہاتھ ہلاکر اپنے رد عمل کا اظہار کیا۔

بعد ازاں اس شخص کی شناخت شوبت پانڈے کے نام سے ہوئی تھی جو گٹکا مین کے نام سے مشہور کانپور شہر کا رہائشی ہے۔

شوبت پانڈے کا بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر گٹکا نہیں بلکہ پان سپاری کھا رہا تھا اور اسٹیڈیم کے دیگر اسٹینڈز میں موجود اپنے دوستوں سے فون پر گفتگو میں مصروف تھا جب کہ اس کے ساتھ بیٹھی خاتون اس کی بہن ہے۔

شوبت پانڈے نے بتایا کہ وہ اسٹیڈیم میں ویڈویو وائرل ہونے کے بعد بے حد خوش ہیں کیوں کہ ان کی ویڈیو مشہور شخصیات کی جانب سے بھی شیئر کی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شوبت پانڈے کا کہنا ہےکہ اس نے ویڈیو وائرل ہونے کےبعد گٹکا ہمیشہ کے لیے چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔؎