Time 29 نومبر ، 2021
کھیل

چٹاگانگ ٹیسٹ: شاہین آفریدی کے چوتھی مرتبہ ایک اننگز میں 5 شکار

شاہین شاہ آفریدی نے بنگلا دیش کی دوسری اننگز میں 32 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: پی سی بی
شاہین شاہ آفریدی نے بنگلا دیش کی دوسری اننگز میں 32 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: پی سی بی

چٹاگانگ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 بنگلا دیشی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاہین شاہ آفریدی نے چٹاگانگ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بنگلا دیش کے خلاف 32 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں اور اس طرح انہوں نے چوتھی بار ایک اننگز میں 5 یا اس سے زائد کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔

بنگلا دیش کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کرنے پر شاہین شاہ آفریدی نے گراؤنڈ میں سجدہ شکر ادا کیا اور تمام قومی کھلاڑیوں نے بھی فاسٹ بولر کو مبارکباد پیش کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی شاہین شاہ آفریدی کی 5 وکٹوں پر ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی۔

اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے پارٹنرشپ میں بولنگ کرنا پسند ہے لیکن حسن علی کے ساتھ بولنگ کرنے کا مزہ ہی الگ ہے، بعض اوقات وہ بیٹرز کو قابو کرتا ہے اور بعض اوقات میں قابو کرتا ہوں۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ہم آپس میں مشورہ کرتے ہیں کہ کون وکٹ کے لیے جائے گا اور کون بیٹرز کو قابو کرے گا اور اس معاملے پر حسن علی بھی مجھے مکمل سپورٹ کرتا ہے۔

یاد رہے کہ بنگلا دیش کے خلاف چٹاگانگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں حسن علی نے بھی 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

مزید خبریں :