30 نومبر ، 2021
پاکستان نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر چٹاگانگ ٹیسٹ میں فتح حاصل کرلی۔
آج میچ کے آخری روز جب پاکستان نے اپنی اننگز شروع کی تو اس کی پہلی وکٹ 151 رنز پر گرگئی اور عبداللہ شفیق 73 رنز بناکر مہیدی حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 171 رنز پر گری اور عابد علی نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 91 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
عابد علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے پہلی اننگز میں 133 اور دوسری میں91 رنز بنائے۔
اوپنر کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابراعظم اور اظہر علی نے میچ کو آگے بڑھایا اور پرسکون انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی۔
بابراعظم 13 اور اظہر علی 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے تیج الاسلام اور مہیدی حسن نے ایک ایک وکٹ لی۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 4 دسمبر سے شرو ع ہوگا۔
گزشتہ روز کھیل کے چوتھے روز بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 39 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا لیکن حسن علی نے جلد ہی بنگلا دیش کے تجربہ کار بلے باز مشفیق الرحیم کو 16 رنز پر بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔
پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عبداللہ شفیق نے دوسری اننگز میں بھی اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا تھا اور دونوں بیٹرز نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر عابد علی 56 اور عبداللہ شفیق 53 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جب کہ پاکستان کو جیت کے لیے مزید 93 رنز درکار تھے۔
خیال رہے کہ بنگلا دیش نے اپنی پہلی اننگز میں لٹن داس اور مشفیق الرحیم کی بیٹنگ کی بدولت 330 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔